پشاور بازار سے پرچم ہٹانے پر افغان قونصل خانہ احتجاجاً بند
پشاور (نیٹ نیوز)افغانستان نے خیبرپی کے کے دارالحکومت پشاور میں موجود قونصل خانہ، جناح پارک میں موجود افغان مارکیٹ سے اپنا پرچم ہٹانے کا الزام لگاتے ہوئے بند کردیا۔پشاور میں افغان قونصل جنرل محمد ہاشم نیازی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی درخواست کے باوجود پشاور پولیس اور مقامی انتظامیہ مارکیٹ میں داخل ہوئی اور مارکیٹ کے اوپر لگا ہوا افغان پرچم اتار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری سمجھ میں نہیں آرہا کہ انہوں (انتظامیہ) نے پرچم کیوں اتارا، حکومت افغانستان اس فعل کی سخت مذمت کرتی ہے'۔سفارت کار نے آگاہ کیا کہ افغان حکومت یہ معاملہ پاکستانی حکام کے ساتھ اٹھائے گی، اس وقت ہم احتجاجاً اپنا کام روک کر قونصل خانہ بند کررہے ہیں۔تاہم افغان حکومت کی جانب سے پشاور میں قونصل خانہ بند کرنے کے فیصلے سے تاجر اور مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔قبل ازیں افغان سفارت خانے سے بدھ کو جاری کردہ بیان میں خبردار کیا تھا کہ اگر افغان مارکیٹ پر آویزاں افغان پرچم کو ہٹایا گیا تو احتجاجاً پشاور میں افغان قونصل خانہ بند کردیا جائے گا۔