زیادتی اوراغواء کے مجرموں کا محاسبہ ضروری ہے:آئی جی پنجاب
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس بچوں کے ساتھ زیادتی اور اغواء کے واقعات کی روک تھام اور مجرمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے پوری تندہی سے فرائض سر انجام دے رہی ہے چونیاں کے بعد ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی پولیس نے50لاکھ تاوان کیلئے اغوا کئے گئے بچوں کی بحفاظت بازیابی کے علاوہ قتل کرکے پھینکے گئے بچے کو9گھنٹے کے بعد گنے کے کھیتوں سے بازیاب کر کے فوری طبی امداد پہنچا کر اسکی جان بچانے میں سرخرو ہوئی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ بچوں کے ساتھ پیش آنے والے جرائم پر قابو پانے کیلئے پولیس کے علاوہ والدین ، اساتذہ ، علمائے اکرام اورسول سوسائٹی کو موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایسے جرائم میں ملوث ملزمان کے فوری محاسبے اور سخت سے سخت سزا دینے میں کوئی کسر باقی نہ رہ سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آئے بچوں کے والدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مغوی بچے حنان کی والدہ انعم بی بی نے پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کی بحفاظت بازیابی اس بات کی دلیل ہے کہ پنجاب پولیس احسن انداز میں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے ۔