شاہد خاقان‘ مفتاح اسماعیل کے ریمانڈ میں 28 اکتوبر تک توسیع‘ ریاست ناانصافی پر اتر آئی: سابق وزیراعظم
اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی، مفتاع اسماعیل اور عمران الحق کے خلاف ایل این جی کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے کیس چل رہا ہے، نیب کو سمجھ نہیں آرہا کہ کیا کیس بنایا جائے، جیل میں ساتھیوں اور وکلا سے ملنے نہیں دیا جا رہا، اکٹھے بیٹھنے تک دفاع کیسے کریں گے، پوری مشینری استعمال ہو رہی ہے، عدالتی احکامات نہیں مانے جا رہے، حکومت کو بہت شوق ہے تو پہلے رہا کرے پھر دوبارہ گرفتار کرلے۔ سابق وزیراعظم نے استدعا کی کہ جیل میں ملزمان کی آپس میں ملاقات، وکلا سے مشاورت اور دفاع کے لیے لیپ ٹاپ استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔ میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آزادی مارچ ہی سب سے بڑی کامیابی ہے،حکومت تو ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت جعلی کیسز بنارہی ہے، ریاست نا انصافی پر اتر آئی ہے۔