پارلیمنٹ کا بہت احترام کرتے ہیں،قانون میں ترمیم کرے تو اس کے مطابق فیصلہ دینگے: چیف جسٹس
اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے بھائی،بھابی اور انکے تین بچوں کو قتل کرنے والے مجرم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کے خلاف نظر ثانی اپیل خارج کر دی ۔جمعہ کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل اللہ بخش نے کہاکہ سپریم کورٹ نے پانچ قتل کے مجرم کی سزا عمر قید میں تبدیل کی۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ درست نہیں تھا۔ملزم کو سزائے موت دی جائے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ اگر ہم سے فیصلے میں کوئی غلطی ہوئی ہے تو ہم اسے ضرور درست کریں گے۔ وکیل اللہ بخش گوندل نے کہاکہ اس واقعے میں تین بچے بھی قتل ہوئے۔چیف جسٹس نے کہاکہ ہم نے ملزم کو بری تو نہیں کیا۔ جسٹس مظہر عالم نے کہاکہ آپ نے ایف آئی آر میں خود لکھا ہے کہ ملزم نے اشتعال میں آ کر قتل کیے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ہم نے قانون کے مطابق فیصلے کرنے ہیں،اگر پارلیمنٹ قانون میں تبدیلی کرے تو ہم اس کے مطابق فیصلہ کریں۔وکیل اللہ بخش گوندل نے کہاکہ میں اس پارلیمنٹ کو نہیں مانتا۔چیف جسٹس نے کہاکہ آپ جذباتی ہو رہے ہیں ایسی بات نہ کریں،ہم پارلیمنٹ کا بہت احترام کرتے ہیں۔عدالت نے ملزم محمد یار کی سزا بڑھانے کے خلاف نظر ثانی درخواست خارج کر دی۔ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ نے ملزم کو پانچ مرتبہ سزائے موت سنائی تھی۔سپریم کورٹ نے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔