امن کا نوبل انعام وزیراعظم ایتھوپیا ابی احمد کے نام
لندن (نیٹ نیوز) 2019ء کا امن کا نوبل انعام ایتھوپیا کے وزیراعظم آبی احمد کے نام ہو گیا۔ ملالمہ یوسفزئی نے مبارکباد دی ہے۔ انہیں پڑوسی افریقی ملک اریٹیریا سے تعلقات بہتر بنانے پر انعام سے نوازا گیا۔ ایتھوپیا اور اریٹیریا کے تعلقات 1998ء سے انتہائی کشیدہ تھے۔ دونوں ممالک کے درمیان ایتھوپین وزیراعظم ابی احمد کی کوششوں سے جولائی 2018ء میں تعلقات بحال ہوئے۔ وزیراعظم ایتھوپیا ابی احمد کو ملنے والے امن کے نوبل انعام کی مالیت 90 لاکھ سویڈش کرائونز ہے جو 9 لاکھ امریکی ڈالر کے برابر ہے۔ ابی احمد امن کا نوبل انعام سال رواں 10 دسمبر کو اوسلو میں ایک تقریب میں وصول کریں گے۔ابی احمد نے کہا کہ وہ امن کا نوبل انعام ملنے پر بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔نوبل کمیٹی اور ایتھوپین وزیر اعظم کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ابی احمد نے کہا کہ امن کا یہ نوبل انعام افریقہ اور ایتھوپیا کو دیا گیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر افریقی ممالک کے سربراہان اس ایوارڈ کو مثبت انداز میں لیتے ہوئے براعظم میں امن کے قیام کی کوششوں کے لیے کردار ادا کریں گے۔