سعودی ساحل کے قریب ایرانی بحری جہاز پر راکٹ حملہ، آگ بھڑک اٹھی، عملہ محفوظ رہا
تہران (انٹرنیشنل ڈسک) ایرانی حکام نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساحل سے بحیرہ احمر کے ذریعے سفر کرنے والے ایرانی تیل بردار جہاز پر 2 راکٹوں سے حملہ کیا گیا جس سے جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم اس حملے سے متعلق سعودی عرب کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی سعودی حکام نے رابطہ کرنے پر فوری کوئی ردعمل نہیں دیا۔ امریکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے سرکاری ٹیلیویژن کا کہنا تھا سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کی بندرگاہ کے قریب آئل ٹینکر میں دھماکے سے 2 سٹور رومز کو نقصان پہنچا اور بحیرہ احمر میں تیل کا رسائو شروع ہو گیا۔ سرکاری ایجنسی ارنا نے بتایا کہ متاثرہ جہاز کی شناخت سیبیٹی کے نام سے ہوئی ۔ اس جہاز کو آخری مرتبہ اگست میں ایرانی ساحلی شہر بندر عباس کے قریب ٹریکنگ ڈیوائسز کو آن کیا تھا۔ اس حوالے سے مشرق وسطیٰ کو دیکھنے والے امریکی نیوی کے 5 ویں بیڑے کے ترجمان لیفٹیننٹ پیٹی پاگانو نے کہا کہ وہاں موجود انتظامیہ اس واقعے کی رپورٹس سے متعلق باخبر ہیں‘ لیکن انہوں نے اس پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ خیال ہے کہ ایرانی تیل بردار جہاز پر حملے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب ایران کے سعودی عرب اور امریکہ سے تعلقات کشیدہ ہیں۔