سی ڈی اے کے لیگل ایڈوائزر کاشف ملک کو فارغ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے ) کی انتظامیہ نے اسلام آباد میں امراء کے پرتعیش فلیٹس پر مشتمل عمارت کی خلاف قانون تعمیرات کو قانونی حیثیت دلوانے میں رکاوٹ بننے والے سی ڈی اے کے لیگل ایڈوائزر کاشف ملک کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے چئیرمین سی ڈی اے پر ادارے کے قانونی مشیرکوہٹانے کے لیے اہم شخصیات کا دباو تھا جبکہ وزارت قانون نے منڈی بہاوالدین سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر انتخاب میں حصہ لینے والے شاہد نسیم ایڈووکیٹ کو سی ڈی اے کا نیا قانونی مشیر لگانے کا نوٹیفکیشن جار ی کردیا ہے بیرسٹرکاشف ملک کنونشن سینٹر کے وسط میں خلاف ضابطہ بننے والی کثیر منزلہ عمارت گرینڈ حیات کے مقدمے کی پیروی کررہے تھے جس میں وزیر اعظم عمران خان ، سابق چیف جسٹس سمیت دیگراہم شخصیات کے فلیٹس موجود تھے تاہم سی ڈی اے کی مذکورہ ٹیم نے عدالت سے گرینڈ حیات کی لیز منسوخی کے مقدمے کو سخت دباو کے باوجود جیتا تھا ۔ سی ڈی اے کے ذرائع کے مطابق ون کانسٹیوشن ایونیو پر تعمیر شدہ کثیر المنزلہ لگثری فلیٹس کی حامل عمارت گرینڈ حیات ، بنی گالہ غیر قانونی تعمیرات ، سنٹورس تجاوزات ، صفا گولڈ مال غیر قانونی تعمیرات، میریٹ تجاوزات ، بس ٹرمینل کیس اور غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹی کیسز میں ادارے کے حق میں کیسز جیتنے والے لیگل ایڈوائزر کاشف ملک کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے