طالبات پر تشدد ‘ سکول سے نکالنے کیخلاف متاثرین کا ڈی سی کمپلیکس کے سامنے مظاہرہ
وہاڑی (خبر نگار) نواحی گاؤں کی رہائشی گزار شہناز کوثر نے اپنی بیٹیوں فوزیہ بی بی،صوبیہ بی بی کے علاوہ اہل علاقہ محمدانور،فوجی منظورحسین،صداقت حسین ،نعمان اسلم ،محمد طارق،عرفان شاہد،اصغرعلی بھٹی ،نذیر حسین ،رمضان علی اورزاہدبھٹی کے ہمراہ ڈی سی کمپلیکس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیارکیاکہ اس کی دوبیٹیاں صوبیہ بی بی چھٹی اورفوزیہ بی بی ساتویں کلاس کی طالبات ہیں اور گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول 569ای بی میں زیرتعلیم ہیں سکول کی ٹیچر میری بیٹیوں کوتعلیم کے بجائے اپنے چھوٹے بچوں کوکھلانے اورگھریلوکام کاج میں مصروف رکھتی ہے اس کے علاوہ کلاس روم میں اپنے پاؤں دبانے پرمجبورکرتی ہے میں نے ٹیچرکوسمجھانے کی کوشش کی تواس نے میری بیٹیوں کومبینہ طورپر ڈنڈے کے ساتھ تشددکانشانہ بنایاجس کی وجہ سے میری بیٹی فوزیہ کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا جس کی شکایت سکول کی ہیڈمسٹریس سے کی تواس نے دونوں بیٹیوں کوسکول سے نکال دیا۔سی ای اوایجوکیشن شوکت علی شیروانی سے رابطہ کرنے پرانہوں نے بتایاکہ درخواست پرانکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے اورانکوائری میرٹ پرہوگی اورالزام ثابت ہونے پرکسی ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔