ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان نے خسرہ سے بچاؤ کیلئے امدادی ٹیمیں تشکیل دیدیں
ملتان( وقائع نگار) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان کے زیراہتمام خسرہ آگاہی مہم کے سلسلہ میں گزشتہ روز گورنمنٹ سول لائنز کالج ملتان میں سیمینار منعقد ہوا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے ماہر اطفال ڈاکٹر عمران اقبال نے کہا کہ خسرہ ایک متعدی بیماری ہے جو ایک مخصوصی وائرس سے پھیلتا ہے۔ ڈاکٹر وسیم رمزی نے کہا کہ ڈی ایچ اے ملتان نے خسرہ سے بچاؤ کے لئے امدادی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو گھر گھر جا کر 6ماہ سے 7سال کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگارہی ہیں۔ ڈاکٹر ظفرعباس نے کہا کہ ملتان میں 8لاکھ سے زائدبچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔ ڈاکٹر غلام یٰسین نے کہا کہ خسرہ سے بچاؤ کے لئے حفاظتی تدابیر ضروراختیار کی جائیں ۔ ڈی ای او ملتان ریاض خان نے کہا کہ خسرہ سے بچاؤ کے لئے ہر شہری محکمہ صحت کی ٹیموں کا ساتھ دے ‘سیمینار میں ڈاکٹر ایاز غوری، پرنسپل سول لائنز کالج پروفیسر باقر جعفری سمیت مختلف محکموں کے نمائندوں اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔بعدازاں خسرہ بارے آگاہی مہم کے سلسلے میں واک بھی نکالی گئی۔