آسیہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کی سماعت آج ہو گی
اسلام آباد (وقائع نگار) آسیہ مسیح کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی درخواست کی سماعت آج ہو گی۔ شہری حافظ احتشام احمد کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی آج کریں گے۔ درخواست گزار نے حافظ ملک مظہر جاوید ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں وفاقی سیکرٹری داخلہ ، ڈی جی ایف آئی اے اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملعونہ آسیہ مسیح کی حیثیت اب توہین رسالت کی ملزمہ کی نہیں بلکہ مجرمہ کی ہے۔ پاکستان کی عدالتیں آسیہ مسیح کو توہین رسالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنا چکی ہیں۔ سپریم کورٹ نے ملعونہ آسیہ مسیح کی سزائے موت کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو کسی بھی دن سنایا جاسکتا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد فریقین کو نظرثانی کی اپیل دائر کرنے کا بھی حق ہے اور ممکن ہے سپریم کورٹ آسیہ مسیح کی اپیل کو منظور کر لے۔ ایسی صورت میں ملعونہ آسیہ مسیح فریق مخالف کی جانب سے نظرثانی کی اپیل دائر ہونے سے قبل ہی ملک سے فرار ہو جائے گی۔