سانحہ ماڈل ٹائون کے ماسٹر مائنڈ ملک سے فرا ر کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)قائد تحریک منہاج القرآن وسربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے قتل عام کے ماسٹر مائنڈ اور قومی دولت پر ہاتھ صاف کرنے والے ملک سے فرار ہونے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں، کسی قاتل اور لٹیرے کو عدالتوں کے حتمی فیصلے تک ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے،سانحہ ماڈل ٹائون کے منصوبہ سازوں کی طلبی کے لیے جلد اپیل سپریم کورٹ میں فائل کر دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اورسندھ حکومت تھر کے بچوں اور غریب خاندانوں کے لیے خصوصی مالیاتی پیکیج کا اعلان کرے، وہ گذشتہ روز منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ لوٹا مال بازیاب کروانے کے لیے سعودی عرب اور چین کے’’احتسابی ماڈل‘‘ سے استفادہ کیا جائے،سعودی عرب نے مختصر عرصہ میں کرپشن کے اربوں ڈالرز خزانے میں جمع کئے۔