افغانستان میں آپریشن، فضائی حملہ، 24 طالبان ہلاک، متعدد زخمی
کابل (نوائے وقت رپورٹ‘ آن لائن‘ آئی این پی) افغانستان میں فورسز کے آپریشن میں 24 طالبان مارے گئے۔ صوبے وردک میں افغان فورسز کے آپریشن میں 21 طالبان ہلاک ہو گئے۔ مرنے والے طالبان میں شیڈو ڈسٹرکٹ چیف بھی شامل ہے۔ آپریشن ضلع سید آباد میں کیا گیا، اسلحہ گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔ ادھر صوبہ پکتیا کے ضلعی حاجی میں جنگجوؤں کے ٹھکانے کو فورسز نے نشانہ بنایا، 3 طالبان مارے اور متعدد زخمی ہو گئے۔ افغان نیشنل آرمی سپیشل آپریشن کارپس نے کارروائی میں حصہ لیا۔ دوسری طرف انسانی حقوق کے لئے سرگرم کارکنان نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان انتہائی خطرناک ملک ہے، افغان مہاجرین کو ان کے آبائی وطن واپس بھیجنا بند کریں، افغان شہریوں کو افغانستان میں صعوبتوں کا سامنا ہے۔ افغانستان غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق افغانستان میں شہریوں کیلئے پرتشدد حالات میں اضافے کے تناظر میں انسانی حقوق کے لئے سرگرم کارکنان نے یورپی یونین کی ریاستوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغان مہاجرین کو ان کے آبائی وطن واپس بھیجنا بند کریں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل سے وابستہ سمیرا حمیدی بخوبی جانتی ہے کہ افغانستان میں رہنے والے شہری کن صعوبتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔