سیکرٹری ایکسائز خیبر پی کے کو ہٹا دیا گیا‘ درست رپورٹ دینے پر نشانہ بنایا: آفیسرز ایسوسی ایشن
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) سیکرٹری ایکسائز خیبر پی کے عابد مجید کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ عابدمجید کو اس سے قبل سیکرٹری صحت کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق عابد مجید نے عدالت میں ایم ٹی آئی بورڈ آف گورنرز سے متعلق رپورٹ جمع کرائی تھی۔ چیف جسٹس نے عمدہ کارکردگی پر ان کی تعریف کی تھی۔ صوبائی آفیسرز ایسوسی ایشن کے کوآرڈی نیٹر منیر اکرام نے بتایا عابد مجید کو سپریم کورٹ میں درست رپورٹ پیش کرنے پر نشانہ بنایا گیا۔ عابدمجید نے ریفارمز ایجنڈے پر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کیا۔ عمران خان کے کزن کی شکایت پر عابد مجید کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔