دن رات کام کر رہے ہیں، عوام بہت جلد خوشحال اور بدلا ہوا پاکستان دیکھیں گے: عثمان بزدار
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں اورعوام بہت جلد خوشحال اور بدلا ہوا پاکستان دیکھیں گے کیونکہ وزیراعظم عمران خان ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے پرعزم ہیں۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے پاکستان کے خیرخواہ نہیں۔ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور پاکستان میں حقیقی تبدیلی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت شفافیت اور میرٹ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ عمران خان ہی ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے۔وہ صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر جنگلات کی ملاقات میں شجرکاری مہم اور اس پر پیش رفت اورقبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات کی اراضی واگزار کرانے پر صوبائی وزیرجنگلات سردار محمد سبطین خان کی کاوشوں کی تعریف کی اورکہا کہ سرکاری اراضی کوہر صورت قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے گا۔ بااثر قبضہ مافیا نے سرکاری اراضی کو مال مفت سمجھ رکھا تھا لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی طاقتور مافیاپر ہاتھ ڈالا ہے اوراب تک اربوں روپے کی ہزاروں کنال اراضی کو واگزار کرایا جاچکا ہے۔ بااثر افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ حکومت شجرکاری مہم کو ایک تحریک سمجھ کر آگے بڑھا رہی ہے اوراس ضمن میں اہداف کے حصول کیلئے مثبت پالیسی اپنائی گئی ہے۔ عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی سے زیادہ کوئی چیز مقدم نہیں۔ نئے پاکستان میں عام آدمی عزت سے جئے گا۔ بہت جلد خوشحال پاکستان عوام کا مقدر ہوگا۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت 3 گھنٹے طویل اجلاس میں رواں مالی سال کے 8 ماہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سماجی شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر شعبوں کی پائیدار ترقی ہماری ترجیحات ہیں اور ان شعبوں کے لئے حقیقت پسندانہ ترقیاتی پروگرام بنایا جا رہا ہے۔ ترقیاتی پروگرام تحریک انصاف کے منشور کا آئینہ دار ہوگا اور متوازن اور یکساں ترقی کا عکاس ہوگا۔ عوام کی خوشحالی کیلئے ترجیحات کا تعین کر لیا ہے۔ ایسا ترقیاتی پروگرام وضع کیا جا رہا ہے جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ نوجوان تحریک انصاف کا ہراول دستہ ہیں، ان کیلئے خصوصی پروگرام شروع کرنے کا جائزہ لیا جائے۔ جنوبی پنجاب اور کم ترقی یافتہ علاقوں کے عوام کو ان کا حق دیں گے۔ کابینہ کے اجلاس ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کی ترجیحات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
عثمان بزدار