انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ ، پاکستان کے دونوں کھلاڑی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایف ایم سی انٹرنیشنل مین سکواش چیمپئن شپ کا فائنل آج بروز جمعتہ المبارک شام ساڑھے چھ بجے مصر کے یوسف سلمان اور ملائیشیا کے ایون یون کے درمیان ہوگا۔فائنل کے مہمان خصوصی ایم ڈی ایف ایم سی فاروق شاہد ہوں گے۔دونوں پاکستانی کھلاڑی سیمی فائنلز ہار گئے۔ پہلے سیمی فائنل میں یوسف سلمان نے اپنے تجربے سے پاکستانی کھلاڑی فرحان محبوب کو ہرایا۔ یوسف سلمان نے پہلی گیم جیتی مگر فرحان محبوب نے واپسی کرتے ہوئے اگلی گیم جیت کر میچ برابر کردیا مگر یوسف سلمان نے اگلی دونوں گیمز جیت کر مقابلہ جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ یوسف سلمان کا فائنل رزلٹ 12/10, 9/11, 11/9, 11/3 اور 43 منٹ رہا۔دوسرے سیمی فائنل میں طیب اسلم نے ایون یون کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا مگر وہ میچ نہ جیت سکے۔ طیب نے پہلی گیم جیتی، دوسری ، تیسری اور چوتھی گیم ایون نے جیت کر میچ 9/11, 11/7, 11/8, 11/8 سے 46 منٹ میں جیت کرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔