7 ہزار اسا تذہ کی بھر تی کا عمل دسمبر تک مکمل ہو جا ئے گا ، وزیر تعلیم
سکھر( نا مہ نگار )صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سسٹم کے تحت 7ہزار اساتذہ کی بھرتی کا عمل دسمبر تک مکمل ہو جائے گا اور آئندہ ماہ سے اساتذہ کے تبادلوں پر پابندی عائد کر کے ایس ٹی آر پالیسی پر سختی سے عمل کرایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر نثار احمد صدیقی اور دیگر افسران سے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسمبلی میں بھی اعتراف کر چکے ہیں کہ اسکولوں کی صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے جسے ٹھیک کرنے کا ٹاسک لے کر لاڑکانہ کے بعد سکھر پہنچا ہوں اور اس ضمن میں دوبارہ بھی جلد سکھر کا دورہ کرونگا ، محکمہ تعلیم سندھ ایکشن پلان اور پالیسی پر کام کر رہا ہے ، دو تین ماہ میں ایکشن پلان کے مطابق جو اقدامات لینے ہیں ان کی تفصیلات جلد میڈیا کے سامنے پیش کر ینگے ۔ انہوں نے کہا کہ سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سسٹم کے تحت 6ہزار جونئیر ایلیمینٹری اسکول ٹیچرز اور 11سو ارلی چائلڈ ہڈ ٹیچرز کی بھرتی کی جائے گی اور یہ عمل دسمبر تک مکمل ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ اساتذہ کے تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی عائد کرینگے ، پھر ڈی ای اوز کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ ایس ٹی آر پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے بند اسکول کھلوائیں ۔ قبل ازیں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے میٹنگ روم میں سکھر آئی بی اے کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جاری مختلف پروگرامز اور اساتذہ کی بھرتی کے لیے ٹیسٹ لینے کے شیڈول کے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ تعلیمی معیار بہتر بنانے کے سلسلے میں محکمے کی جانب سے ہر سال ہر ضلع سے تین محنتی ہیڈماسٹرز کو ایوارڈزدیے جائینگے ، خراب نتائج دینے والے اساتذہ کو شوکاز نوٹس اور ایسپلینیشن دی جائیگی ، اساتذہ کی اے سی آرز طلباء اور طالبات کی کارکردگی پر منحصر ہونگی ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ حد سے زائد سیاسی طور پر بھرتیاں ہوئیں اور اسکول بنائے گئے ، اسکے باوجود بھی سندھ تعلیم کے میدان میں پیچھے نہیں ہے اس کے دو اہم اسباب تشخیص اور امتحان لینے کا طریقے کار ہے جو بورڈز کے پاس موجودہے ، وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا جائیگا کہ تعلیمی بورڈزمحکمہ تعلیم کو دیے جائیں تا کہ تشخیص اور امتحان لینے کے طریقے کار کو بہتر کیا جاسکے اور طلباء و طالبات کو یہ اطمینان ہو کہ وہ محنت کرینگے تو اچھے نتائج ملیں گے اور بورٖڈز کی دکانداری کی حوصلہ شکنی کرینگے ۔اس مو قع پر سیکر یٹری اسکو ل سندھ قاضی شاہد پرویز ، سیکریٹر ی کالجز پرویز احمد سیہڑ، ممبر سندھ اسمبلی قاسم سومرو، ایڈیشنل سیکریٹری علیم لاشاری اور محکمہ تعلیم کے دیگر متعلقہ اعلی افسران بھی موجود تھے۔
وزیر تعلیم