اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بلانے کیلئے رابطوں میں تیزی
اسلام آباد (عترت جعفری) پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کا ایک گرینڈ اجلاس بلانے کی تیاری کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں پی پی پی، جے یو آئی، مسلم لیگ ن میں پردے کے سامنے اور پس پردہ رابطوں میں تیزی آرہی ہے۔ پی پی پی کے ذرائع اس امر کی تصدیق کررہے ہیں کہ گزشتہ چند روز میں پی پی پی کی اعلیٰ قیادت سے اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کے براہ راست اور بالواسطہ رابطوں میں پی پی پی کو تجویز دی گئی تھی کہ پارلیمنٹ سے باہر بھی اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تعاون کو بڑھایا جائے کیونکہ سیاسی حالات ایک خاص نہج میں جارہے ہیں۔ پی پی پی نے اصولی طور پر اس تجویز پر مثبت ردعمل دیا اور اپوزیشن کے اہم رہنما سے کہا ہے کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس کیلئے تاریخ اور اس میں زیر غور آنے والے ایجنڈا کی تفصیل پر مبنی تجویز سامنے لائیں۔ پی پی پی کے ایک ذمہ دار ذریعے نے بتایا ہے کہ مذہبی جماعت سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن رہنما مسلم لیگ ن اور دوسری جماعتوں سے مشاورت کے بعد حتمی تجویز سامنے لائیں اور پی پی پی سے بھی مشاورت کرکے اجلاس کا دن اور ایجنڈے کو حتمی شکل دیں گے۔ پی پی پی اصولی طور پر اپوزیشن کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تعاون کیلئے تیار ہے تاہم اس کی پالیسی ملک میں جمہوریت کے تسلسل اور جمہوری اداروں کی تقویت کے اصول کے اندر ہوگی۔ ذرائع نے بتایا پی پی پی نے پارلیمنٹ کے باہر اپوزیشن جماعت کے غیر رسمی اجلاس میں شرکت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا۔
اپوزیشن اجلاس