کھادوں کی قیمتوں میں اضافہ کسانوں کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے: عمران شاہ
شجاع آباد (نمائندہ نوائے وقت) سید گروپ کے رہنما عمران علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومتی ناقص پالیسیوں سے زراعت زبوں حالی کا شکار ہے۔ بڑھتے ہوئے اخراجات اور پیداوار کم ہونے سے کاشتکار قرضوں میں ڈوب چکے ہیں اور کاشتکاری کا پیشہ ترک کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے یونین کونسل گردیز پور کے کونسلر ملک جاوید ارائیں اور اکبر میؤ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ کھادوں کی قیمتوں میں اضافہ کسان دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یوریا کھاد کی قیمت 1600 سے بڑھ کر 1800 اور ڈی اے پی کی قیمت 3 ہزار سے بڑھا کر ساڑھے 31 سو ہونا کسانوں کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ عمران علی شاہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کھادوں کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔