وزیر اعظم کی پریس کانفرنس مایوس کن رہی:مفتی یوسف قصوری
کراچی (نیوزرپورٹر) مرکزی جمعیت اہلحدیث سندھ کے امیر مفتی یوسف قصوری اور دیگر رہنمائوں مولانا ابراہیم طارق ، سید عامر نجیب ، محمد اشرف قریشی ، مولانا افضل سردار اور قاری خلیل الرحمن جاوید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی پریس کانفرنس مایوس کن رہی ، امیدیں ٹوٹی تو عوام کا جمہوریت پر اعتماد بحال کرنا مشکل ہوگا ۔ غیر شفاف احتساب ، مہنگائی کا سونامی اور آئی ایم ایف سے رجوع کر کے نئی حکومت نے اپناتاثر خراب کیا ، انہوں نے کہا کہ تبدیلی فی االحال عوام کے خلاف جا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مرکز ادارہ فروغ قرآن و سنت ناظم آباد میں مرکزی جمعیت کراچی کابینہ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مفتی یوسف قصوری نے کہا کہ حکومت عوام کو نہ صرف فوری ریلیف نہ دے سکی بلکہ ان پر مزید معاشی دبائو بڑھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دعووں کے ذریعے اپوزیشن کی جا سکتی ہے حکومت نہیں ۔ مستقبل کے سہانے خواب دکھا کر عوام کو زیادہ دیر مطمئن نہیں رکھا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو وقت دے رہے ہیں اور ساتھ ہی نیک خواہشات بھی رکھتے ہیں تاہم حکومت اپنے انقلابی دعووں سے انحراف کے راستے پر نظر آتی ہے ۔