عمران خان کی حکومت پرانی روشن پر چلی تو قوم کو نقصان ہوگا‘ حنیف طیب
کراچی( نیوز رپورٹر)نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے کہاہے کہ عوام کو سبز باغ دکھانا،بیوقوف بنانا،ووٹ حاصل کرنے کے لئے قلابازیاں کھانا،اقتدارحاصل کرنے کے لئے جھوٹے اور بڑے بڑے وعدے کر ناپاکستانی سیاست کارروں کا وطیرہ بن کررہ گیاہے۔اگر وزیراعظم عمران خان کی نئی حکومت نے بھی یہ ہی روش اپنائی تو سابق حکمرانوں کی طرح پاکستان کی معیشت،تجارت،سیاست، سیاحت،تعلیم وصحت پر اس کے مضر اثرات مرتب ہونگے۔جب کہ پاکستانی عوام کو عمران خان اور ان کی حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔انہوںنے کہاکہ مہنگائی میں روزبروزاضافہ ہوتاجارہاہے،بجلی ،گیس ،یوٹیلٹی بلز،پیٹرول کی قیمت اورٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ عوام کی دسترس سے باہر ہوچکا ہے۔ جب کہ چیف جسٹس آف پاکستان پہلے ہی کہہ چکے ہیںکہ ’’50لاکھ گھر بنانا خالہ جی کا گھرنہیں ،یہ صرف اعلان سے نہیں بن جائینگے ‘‘اس کو سات شہروں کے علاوہ دیگر صوبوں میں کس طرح 50لاکھ گھرتقسیم کئے جائیں گے؟ جس میں کراچی کی عوام کو کتنے مکانات دیئے جائیں گے ؟کچی آبادیوںکو کس طرح ریگولائز کیاجائے گا ؟اس کے لئے کچی آبادی کی آبادکاری کا ایک ماڈل نمونہ کراچی میں لائنزایریا(گلشن ظہور)کی صورت میں موجودہے۔