3 سال میں مکمل پی ایس ایل پاکستان لے آئیں گے: احسان مانی
لاہور( آن لائن )چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ 3 سال میں مکمل پی ایس ایل پاکستان لے آئیں گے۔احسان مانی نے کہا کہ آئندہ برس کوئی غیرملکی ٹیم پاکستان آئے گی یا نہیں میں اس حوالے سے کوئی سے کوئی دعوی نہیں کرنا چاہتا، البتہ پی ایس ایل کے 8 میچز ہونے ہیں، کراچی فائنل سمیت چار میچز کی میزبانی کرے گا، اتنے ہی مقابلے لاہور میں ہوںگے، ہمارا ارادہ ہے کہ تین سال میں پوری لیگ ملک میں واپس لے آئیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل آڈٹ پر آڈیٹرز جنرل آف پاکستان کے اعتراضات پر جواب جمع کرا دیا تھا، اس میں پھر کچھ چیزوں کی وضاحتیں طلب کی گئی ہیں، اس حوالے سے کام ہو رہا ہے، ہم سے معلومات مانگی گئی ہیں جو دیدیں گے، پھر دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔احسان مانی نے کہا ہے کہ ہماری کرپشن پر زیرو ٹالیرنس کی پالیسی ہے،پلیئرز لاعلمی میں پھنس جاتے ہیں، بورڈ انھیں سمجھا رہا ہے کہ ذرا سا بھی کسی پر شک ہو تو فورا رپورٹ کریں، اس حوالے سے ہمارا ایجوکیشن سسٹم اچھے انداز میں کام کر رہا ہے۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ مزید 1،2 پی ایس ایل فرنچائزز کی جانب سے بینک گارنٹی جلد جمع کرا دی جائے گی، سب کے بورڈ سے معاہدے ہیں اور انھیں ان پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔