محکمہ تعلیم سندھ کو 5ماہ بعد اساتذہ کی بھرتیوں کا خیال آگیا
کراچی ( نیوز رپورٹر )محکمہ تعلیم سندھ کو 5ماہ بعد اساتذہ کی بھرتیوں کا خیال آگیا۔مارچ میں دئیے گئے ارلی چائلڈ ہڈ اور جونیئر اسکول ٹیچر اساتذہ کی بھرتیوں کے ٹیسٹ 28اکتوبر اور 11نومبر کو ٹیسٹ لیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے ارلی چائلڈ ہڈاور جونیئراسکول ٹیچر (JST)اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے آئی بی اے سکھر ٹیسٹ کے تحت مارچ میں اشتہار دیا تھا جس کی آخری تاریخ 20اپریل رکھی گئی تھی ۔5ماہ بعد محکمہ تعلیم سندھ نے آئی بی سکھر ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے 28 اکتوبر اور 11نومبر کو ٹیسٹ لینے کا شیڈول جاری کردیا ۔ مجموعی طور پر 39488نوکری کے خواہشمند لوگوں نے فارم جمع کرائے جن میں کراچی سے 2309،حیدرآباد8135، لاڑکانہ 9181، سکھر 9557اور شہید بے نظیر آباد سے 6598 لوگوں نے اساتذہ کی آسامیوں کے لیے فارم جمع کرائے ہیں ۔ آئی بی اے سکھر ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان ایک ماہ کے اندر کردیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ ان اساتذہ کی تعیناتی موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد ہی عمل میں آئے گی یا اِس سے بھی زیادہ وقت درکار ہو۔