امن کی فاختہ ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کےلیے ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعدخصوصی دعائیں کی گئیں، تعلیمی اداروں اور دفاتر میں دعاؤں کے لیے اٹھائے گئے ہاتھوں نے ثابت کردیا کہ قوم کوملالہ سے کتنا پیار ہے۔
پاکستان کے لئے باعث فخر۔عمر میں چھوٹی مگر بلند ہمت اور حوصلے والی ملالہ یوسف زئی کے لئے آج پنجاب، خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں یوم دعا منایا گیا۔ ہر دل اس ننھی طالب علم کیلئے دعا گو اور ہر آنکھ اشکبار ہے ا ور ہر لب پر ملالہ کی صحتیابی کیلئے التجاء ہے۔ مختلف شہروں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلئے دعائیں کرائی گئیں، ہر آنکھ اشکبار اور لب پرملالہ کے لیے التجاتھی۔ پشاور کے مختلف سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں طلباء اور طالبات نےملالہ یوسفزئی سے اظہار یک جہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور جرات اور بہادری کی مثال بچی کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ ملتان میں سکول، کالجز اور دفاتر میں ملالہ کی صحت یابی کیلئے دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا طالبات نے بچیوں میں فروغ تعلیم کیلئے کوشاں رہنے والی ملالہ یوسفزئی کی جرات اور بہادری کو بھی سلام پیش کیا۔ خانیوال کے تعلیمی اداروں میں دن کا آغاز ملالہ کی صحت یابی کی دعاؤں سے ہوا اور اس کی لمبی عمر کے لئے دعا کی گئی۔ دہشت گردوں کے ہاتھوں شدید زخمی سوات کی ملالہ یوسفزئی اور اس کی ساتھی طالبات کی جلد صحتیابی کیلئےڈیرہ غازی خان کے بورڈ آفس میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ناروال کےتمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں بچوں نے قوم کی بیٹی کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔ ڈی سی او آفس میں منقدہ تقریب میں ملالہ پرحملے کی شدید مذمت کی گئی۔ راجن پور میں ٹی ایم اے کی جانب سے ملالہ یوسف زئی سے اظہار یکجہتی کے لیے تقریب منعقد کی گئی۔ جھنگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ڈاکٹرز نے قوم کی بیٹی کی جلد صحت یابی کی دعائیں مانگیں۔ بہاولپور میں سول سوسائیٹی کی جانب سے ملالہ پر حملے کیخلاف ریلی نکالی گئی اور اس کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ سندھ کے دیگر شہروں کی طرح نوابشاہ میں ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملے کے خلاف خواتین اور بچوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔