فوج کی جانب سے کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے والے پہلوان کے گھر کی تعمیر کا اعلان
ملتان/ لندن (نیٹ نیوز/ بی بی سی ڈاٹ کام) کامن ویلتھ گیمز کے فری سٹائل ریسلنگ کے مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے اظہر حسین کے لئے پاک آرمی نے گھر بنانے کا اعلان کیا ہے جبکہ سیلاب سے متاثرہ ان کے آبائی گاوں میں اظہر حسین کے گھر والوں میں امدادی اشیاءتقسیم کی گئیں۔ بھارت میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز کے 55 کلوگرام فری سٹائل ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاک فوج کے اظہر حسین کے لئے آرمی کی جانب سے گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلان کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل شفقات احمد کی جانب سے بریگیڈیئر اختر نے ان کے نواحی علاقے بستی گھبلو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءگولڈ میڈلسٹ اظہر حسین کے گھر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھا رہا۔ جیت کی خبر سن کر جس گھر کی خوشیاں سیلاب کی نذر ہو گئی تھیں، لوگوں کا ایک بڑا ہجوم اظہر حسین کے والدین کو مبارکباد دینے پہنچ گیا اظہر حسین کےلئے وہ دن ناقابل بیان تھے جب سیلاب نے ان کے علاقے مظفرگڑھ میں زبردست تباہی مچائی تھی اور ان کی پوری فیملی نقل مکانی پر مجبور ہو گئی تھی اظہر حسین نے کہا کہ ان حالات کے باوجود مجھے گولڈ میڈل جیتنے کی شدید خواہش تھی۔ میں نے حوصلہ نہیں ہارا۔