مسلم لیگ نون نے نواب اکبر بگٹی کے بیٹے طلال اکبر بگٹی کی جانب سے اُس اعلان کو عوامی جذبات کی ترجمانی قرار دیا ہے جس میں طلال بگٹی نے پرویز مشرف کے قتل پر ایک ارب روپے انعام کا اعلان کیا تھا ۔
مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنماء راجہ محمد ظفرالحق نے اسلام آباد کے پارٹی دفتر میں بارہ اکتوبر انیس سو ننانوے کے دن کی مناسبت سے منعقدہ یوم تحفظ جمہوریت کی تقریب سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پاکستان کا گوربا چوف بننے جا رہے تھے ، شکر ہے کہ پاکستان بچ گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسفند یار ولی گواہ ہیں کہ نوازشریف کی طرف سے مشرف کو سزا دینے کا مطالبہ صدر آصف علی زرداری نے مسترد کردیا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ظفرعلی شاہ نے کہا کہ نواز شریف ،راجہ ظفرالحق یا کسی اور لیڈر کو مشرف کے قومی جرائم معاف کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔