وفاقی وزیر اطلاعت و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم عدالتوں سے نہیں عدالتوں میں لڑتے ہیں اسی سے جمہوریت کے سوتے پھوٹتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن کی تقریب حلف براداری سے خطاب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں کمزور حکومت ہونے کا طعنہ دیا جاتا ہے جو جماعت اپنے منشور کے اسّی فیصد نکات پر عملدرآمد کر دے اسے دنیا کامیاب تسلیم کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے میثاق جمہوریت کے اٹھائیس نکات پر عملدرآمد کر لیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کو اس وقت بہت سے چیلنجز درپیش ہیں اور ہم ان کا مقابلہ کررہے ہیں،مشکل حالات میں ملک کو سنبھالا ہے جمہوریت کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔