حریت رہنما سید علی گیلانی کی نظر بندی کے خلاف احتجاجی مارچ روکنے کےلیے بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو نافذ کردیا ۔
مقبوضہ وادی میں کشمیر چھوڑ دو تحریک کے تحت احتجاجی مظاہروں اور ہڑتالوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آزادی کی تحریک کچلنے کے لیے قابض انتظامیہ نے سید علی گیلانی سمیت متعدد حریت رہنماؤں کو نظر بند کررکھا ہے۔ ان رہنماؤں کی نظر بندی کے خلاف آج کشمیری احتجاجی مارچ کررہے ہیں۔ قابض انتظامیہ نے مارچ کو روکنے کے لیے وادی بھر میں کرفیو نافذ کرکے اہم شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں۔ سرینگر، شوپیاں اور اننت ناگ سمیت بڑے شہروں میں بھارتی فوج کی بڑی تعداد تعینات ہے جبکہ علاقے میں فورسز کا گشت بھی جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ تین ماہ سے جاری کرفیو اور ہڑتالوں کی وجہ سے کاروباری اور تعلیمی سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئی ہیں۔ علاقے میں اشیائے خوردونوش اور ادویات کی شدید قلت کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔