ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا دوسرا روز : فیصل آباد وولفز‘ ملتان ٹائیگرز اور کراچی ڈولفن کے حریفوں کو پچھاڑ دیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) فیصل بنک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے دوسرے روز فیصل آباد ولفز اور ملتان ٹائیگر کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے ہیں۔ قذفی سٹیڈیم میں جاری ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز پہلے میچ میں فیصل آباد ولفز نے کوئٹہ بیئرز کے خلاف 51 رنز سے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے میچ میں ملتان ٹائیگرز نے ایبٹ آباد فالکنز کو سات وکٹوں سے شکست دے دوچار کیا۔ فیصل آباد کے آصف حسین جبکہ ملتان کے گلریز صدف کو میچوں کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پہلے میچ میں فیصل آباد ولفز کی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 157 رنز بنائے۔ جس میں آصف حسین نے سب سے زیادہ 53 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ نے 37، خرم شہزاد اور نوید لطیف نے 19، 19 رنز بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان ٹیم کو لیڈ کرنے والے نئے کپتان مصباح الحق صرف تین رنز بنا سکے۔ کوئٹہ کی جانب سے باولنگ میں عابد علی اور عمران خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 158 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ بیئر کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 106 رنز بنا کو آوٹ ہو گئی۔ بسم اللہ خان نے 32، تیمور صدیق نے 29 نمایاں رنز بنائے۔ فیصل آباد کی جانب سے باولنگ میں اسد علی نے تین جبکہ سمیع اللہ نیازی اور محمد حفیظ نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ دوسرے میچ میں ملتان ٹائیگرز کی ٹیم کے کپتان عبدالروف نے ٹاس جیت کر ایبٹ آباد فالکنز کی ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ ایبٹ آباد نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 147 رنز بنائے جس میں عدنان ریئس نے 42 اور میر اعظم نے 41 نمایاں رنز بنائے۔ ملتان ٹائیگرز کی طرف سے باولنگ کے شعبہ میں محمد عرفان اور سعید انور جونیئر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ 148 رنز کا ہدف ملتان ٹائیگرز کی ٹیم نے 18.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں رمیز عالم نے 32 اور عمران اﷲ اسلم نے 21 نمایاں رنز بنائے۔ ایبٹ آباد کی طرف سے جنید خان، جہانگیر شاہ اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تیسرے میچ میں کراچی ڈولفنز نے حیدرآباد ہاکس کو 20 رنز سے ہرا دیا۔ کراچی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے جس میں شاہ زیب کے 76 نمایاں رنز تھے۔ جواب میں حیدرآباد ہاکس کی ٹیم مقررہ اوورز میں 175 رنز بنا سکی۔ فیصل اطہر نے 62 رنز بنائے۔