قومی ادارہ برائے زرعی تحقیق کا تیسرے سالانہ قومی زیتون میلے کا انعقاد
لاہور(سٹی رپورٹر)قومی ادارہ برائے زرعی تحقیق اسلام آباد میں تیسرے سالانہ قومی زیتون میلے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ زیتون میلہ قومی ادارہ برائے زرعی تحقیق اسلام آباد اور بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کے تحت چلنے والے پاک اولیو منصوبہ کے تحت لگایا گیا۔ قومی زیتون میلہ میں اسپین کے سفیرکمرشل اتاچی اور تنزانیا کے سفیر برہانی الکمال، زیتون پر تحقیق کرنے والے زرعی سائنسدانوں، زیتون کے کاشتکاروں اور زیتون کی مصنوعات تیار کرنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل ڈاکٹر غلام محمد علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے قومی زیتون میلہ کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب نے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تیلدار اجناس کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے کوشاں ہے۔پاکستان ہر سال خوردنی تیل کی درآمد پر 350 ارب سے زائد خرچ کرتا ہے۔ بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال ادارہ میں پہلا سنٹر فار ایکسیلنس فار اولیو ریسرچ اینڈ ٹریننگ کے ذریعے تحقیق اور کاشتکاروں کو تربیت دی جا رہی ہے۔ 2 روزہ قومی زیتون میلہ میں مختلف سٹالز لگائے گئے۔