ہوسکتا ہے یہ آپ کے ساتھ آخری رابطہ ہو،علالت اور زائد عمری شاید دوبارہ آپ کو خط لکھنے کی اجازت نہ دے :علی گیلانی کا وزیراعظم کو خط
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ہے۔
سید علی گیلانی کے خط کے متن میں کہا گیا ہےکہ ہوسکتا ہے یہ آپ کے ساتھ میرا آخری رابطہ ہو، علالت اور زائد عمری شاید دوبارہ آپ کو خط لکھنے کی اجازت نہ دے, خط میں کہا گیا ہے کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کی طرف سے کچھ مضبوط اور اہم فیصلوں کی ضرورت ہے۔
حریت رہنما سید علی گیلانیکا کہنا ہے کہ بھارت کشمیر کی سیاسی حیثیت ختم کرکے ہماری زمین زبردستی چھیننا چاہتا ہے، بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، کشمیری خواتین کو ہراساں کرنے کا عمل جاری ہے اور عوام کو نوٹسز بھیجے جارہے ہیں کہ ان کو ان کے گھروں سے بے دخل کیا جائے گا، بھارت کی جانب سے غیرقانونی فیصلوں کے بعد یہاں کی عوام مسلسل کرفیو جھیل رہی ہے تاہم کشمیری اپنی جدوجہد سے دست بردار نہیں ہوئے۔
سید علی گیلانی نے خط میں کہا کہ بھارت نے غیر قانونی اقدامات کرکے اپنی طرف سے پاکستان سے کیے گئے معاہدوں کو ختم کیا لہذا پاکستان بھی بھارت کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو ختم کرنے کا اعلان کرے، پاکستان دو طرفہ معاہدوں شملہ، تاشقند اور لاہور معاہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کرے، ایل او سی پرمعاہدے کے تحت باڑ لگانے کے معاہدے کو بھی ازسرنو دیکھنے کی ضرورت ہے جب کہ حکومت پاکستان ان سارے فیصلوں کو لے کر اقوام متحدہ بھی جائے۔
وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے متنازع علاقے کی حیثیت کو تبدیل کرنے پر آپ کی اقوام متحدہ میں تقریر قابل تعریف ہے، موجودہ صورتحال پر آپ سے رابطہ قومی اور ذاتی ذمے داری ہے تاہم پاکستان کی طرف سے کچھ مضبوط اور اہم فیصلوں کی ضرورت ہے، کشمیریوں کی جدوجہد اور پاکستان کی بقا کے لیے یہ اہم موڑ ہے اور پاکستان کو کل جماعتی پارلیمانی میٹنگ طلب کرنی چاہیے۔علی گیلانی نے خط میں لکھا کہ جس طرح اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر بات کی وہ قابل تعریف ہے، مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کی قربانیاں اجاگر کرنے پر پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں ۔انہوں نے خط میں دعا کی کہ اللہ تعالی عمران خان کو ہمت اور طاقت عطا فرمائے، اللہ تعالی نے عمران خان کو پاکستان کی قیادت کے لیے منتخب کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند ہے۔
علی گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فوج نوجوانوں، بچوں، خواتین اور ضعیف افراد کو نشانہ بنا رہی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت بدستور جاری ہے اور وادی میں لاک ڈاؤن کو 100 روز مکمل ہوچکے ہیں، کشمیری روز مرہ کی ضروری اشیا خریدنے سے بھی قاصر ہیں، دودھ بچوں کی خوراک، ادویات سب ختم ہو چکا ہے