فضل الرحمان جلد جانے والے نہیں,نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک علاج کی اجازت دی جا رہی:اعجاز شاہ
وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ اگر مریم نواز بیمار ہوجائیں گی تو انہیں بھی باہر جانے کی اجازت مل جائے گی۔ننکانہ صاحب میں تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جلد جانے والے نہیں، ہم نے انہیں پانی بجلی اور طبی امداد بھی دی ہے، ہم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اتنا اچھا سلوک کررہے ہیں کہ یہاں ان کا دل لگ گیا ہے، انہیں اتنا پیار دے رہے ہیں کہ وہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ بھول جائیں گے۔ ہم مولانا فضل الرحمان کو بٹھائے رکھیں گے،مولانا صاحب بادشاہ ہیں، ملک میں جہاں چاہیں دھرنا دیں، حکومت نے ان کو آرام سے رکھا ہوا، کہیں اور دھرنا دیں گے وہاں بھی آرام سے رکھیں گے۔ حکومت یہ پانچ سال اور اگلے پانچ سال بھی پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اس قسم کے آدمی نہیں کہ کسی کو ڈیل یا ڈھیل دیں، نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک علاج کی اجازت دی جا رہی ہے ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی حالت تشویش ناک ہے، پاکستان میں ان کا علاج ممکن نہیں، سارے وزرا کی یہی رائے ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف علاج کے بعد وطن واپس ضرور آئیں گے، ان کے والد، بیوی اور بھائی کی قبریں پاکستان میں ہیں، وہ پاکستان نہیں چھوڑ سکتے۔۔ مریم نواز کے حوالے سے اعجاز شاہ نے کہا کہ مجھے تو نہیں پتا کہ مریم نواز بیمار ہیں، اللہ انہیں صحت دے وہ ٹھیک ہیں، اگر مریم نواز بیمار ہوجائیں گی تو انہیں بھی باہر جانے کی اجازت مل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بابا گرونانک کے نگر کیرتن کے لیے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا سکھ یاتریوں کو پہلے اور آج کے ننکانہ میں فرق محسوس ہوگا، ننکانہ کو ضلع بنانے کا نظریہ تھا، صبح امرتسر سے یاتری چلے ماتھا ٹیکے اور شام کو واپس امرتسر جاسکے۔