عمران اور کابینہ نوازشریف کو باہر بھجوانے کیلئے دل بڑا کریں: شجاعت
لاہور، اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف کے علاج کی خاطر باہر جانے کے معاملے کو سرکاری گورکھ دھندے میں نہ الجھایا جائے۔ نواز شریف کی درخواست پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے۔ اگر خدانخواستہ نواز شریف کو کچھ ہو گیا تو ملکی سیاست مزید تلخ ہو جائے گی اس لئے ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جس کا بعد میں ازالہ نہ ہو سکے۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرنا چاہئے۔ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ کو چاہئے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے بڑے دل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ اگر نوازشریف کو کْچھ ہوگیا تو ملکی سیاست مزید تلخ ہوجائے گی، اسلئے ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جس کا بعد میں ازالہ نہ ہوسکے۔ سرکاری گورکھ دھندے میں الجھایا گیا تو ملک میں افرا تفری ہوگی اور ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا جس سے عوام کے لئے بھی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ دریں اثناء چودھری شجاعت حسین سے چین کے سفیر مسٹر یائوجنگ نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے۔ چینی سفیر یائوجنگ نے چودھری شجاعت حسین کے جذبات کو سراہا کہ چودھری شجاعت حسین چین کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔