انتظامیہ قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے نکلے، دفتروں میں بیٹھ کر عوام کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ آفس کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبی ؐکے موقع پر روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ نے خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے آخر میں دعا کرائی۔ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی ‘ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اورکشمیری شہداء کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمدؐ تمام جہانوں کیلئے رحمۃ للعالمین ہیں اور آپؐ کا اسوہ حسنہ پوری دنیا کیلئے ایک مثالی حیثیت رکھتا ہے۔ حضور اکرمؐ نے مختصر مدت میں مثالی نظام دے کر ریاست مدینہ کی بنیاد رکھی اور ریاست مدینہ ہم سب کیلئے رول ماڈل ہے۔ وزیراعلیٰ نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے کسانوں کو اپنی اجناس ماڈل بازاروں میں فروخت کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔ صوبے کے 32 ماڈل بازاروں میں کسان براہ راست اپنی اجناس فروخت کرسکیں گے۔ حکومت کسانوں کو اجناس کی فروخت کیلئے ماڈل بازاروں میں سٹال فراہم کرے گی اور کسانوں سے سٹالز کا کرایہ یا کوئی اور فیس نہیں لی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں زرعی فیئر پرائس شاپس کا دائرہ کار بھی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے اور پرائس کنٹرول میکانزم پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ گراں فروشی کے خلاف جس ضلع سے شکایت آئی تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر جوابدہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کسی دباؤ کے بغیر کارروائی کی جائے اور انتظامیہ پرائس کنٹرول کیلئے خود میدان میں نکلے کیونکہ دفتروں میں بیٹھ کر عوام کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عثمان بزدارنے راجن پوراورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں فروغ تعلیم کیلئے مثبت اقدام کرتے ہوئے راجن پور اور ڈیر ہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلبا ء و طالبات کیلئے دانش سکولوں میں کوٹہ مختص کردیا ہے۔ بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے اور اس ضمن میں تھل یونیورسٹی بھکر کے قیام کے حوالے سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی سمری منظور کر لی ہے۔ عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری امن، ترقی اور محبت کا راستہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری منصوبے کی افتتاح کرکے وہ تاریخ ساز کام کیا ہے جو کوئی نہیں کرسکا۔ انہوں نے سکھ برادری کو باباگرونانک دیو جی کے550ویں جنم دن پر مبارکباد دی ہے۔ عثمان بزدار نے راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔