پاکستان بھر میں عید میلاد النبیؐ مذہبی جوش و جذبہ، عقیدت و احترام سے منائی گئی
لاہور+ اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی) ملک بھر میں کو عید میلادالنبی ﷺمذہبی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ نماز فجر کے بعد مساجد میں امت مسلمہ کے اتحاد، اتفاق اور پاکستان کی ترقی و سلامتی بالخصوص کشمیری بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ شہروں میں جشن عید میلادالنبی ﷺکے سلسلے میں جلوس نکالے گئے، گھروں میں نیاز کیلئے پکوان تیار کیے گئے مساجد، مدارس ، گلی، بازار روشنیوں اورسجاوٹی سامان سے انتہائی خوبصورتی سے سجائے گئے۔ دن بھر مردوخواتین بچوں کو ساتھ لیکر سجاوٹ دیکھتے رہے۔ عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر بھی زبردست چراغاں کیاگیا تھا جس سے ہر عمارت دیدنی تھی۔سروردوعالم نورمجسمﷺ کی ولادت باسعادت پر مساجد، مدارس اور گھروں میں درودوسلام کی خصوصی محافل کے انعقاد سمیت دیگر تقاریب کا بھی انعقادکیاگیا جن میں سیرت مبارک پر روشنی ڈالی گئی۔ لاہورمیں عید میلاد النبیﷺ کا سب سے بڑا جلوس ریلوے سٹیشن سے صبح برآمد ہوا جواپنے مقررہ راستوں، لنڈا بازار، دہلی گیٹ ، رنگ محل چوک، پانی والا تالاب اورٹیکسالی سے ہوتا ہوا رات گئے مزار حضرت داتا گنج بخشؒ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ اے پی پی کے مطابق عید میلاد النبیؐ کے موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی دی گئی۔مریدکے میں 18منزلہ کیک، فیصل آباد میں 163پونڈ اور چنیوٹ میں 63من وزنی کیک کاٹا گیا۔ منڈی بہائوالدین میں جلوس کے شرکاء کیلئے 125من ملک شیک تیار کیا گیا۔ رحیم یار خان میں 600پونڈ وزنی کیک تیار کیا گیا۔