کاروباری ہفتے کے پہلے روز سٹاک مارکیٹ تیز، 100 انڈیکس کی 9 بالائی حدیں بحال
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیرکوکاروبارحصص میں غیرمعمولی تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس کی 9بالائی حدیں بحال ہوگئیں اور کے ایس ای 100انڈیکس 36800کی سطح پر آگیا، کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت34.08فیصدزائدرہا جبکہ 80.53فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔کاروبار میںتیزی کے سبب مارکیٹ سرمایہ میں 1کھرب99کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ہوگیا۔ مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100ا نڈیکس824.94پوائنٹس اضافے سے 36803.10پوائنٹس پر بندہوا۔ پیرکومجموعی طور پر 380کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے304کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،59 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ17کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 1کھرب99 کروڑ8 لاکھ22ہزار518روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر70کھرب62ارب28 کروڑ33 ہزار 958روپے ہوگئی۔