سکول اوقات میں سنگل لین میں پارکنگ کی اجازت ہوگی:سی ٹی او
لاہور(نامہ نگار)چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک نے کہاہے کہ صبح سکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں بچوں کو چھوڑتے اور لے جاتے وقت صرف سنگل لین میں پارکنگ کی اجازت ہوگی۔ٹریفک بہاؤ میں خلل اور غلط پارک کی گئی گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں سکول و کالجز کے کھلنے سے سڑکوں پر ٹریفک بہاو میں اضافہ ہو گیا ہے،رش کی بڑی وجہ سکو ل و کالجز کا ایک ہی وقت میں کھلنا اور بند ہونا ہے۔سٹی ٹریفک پولیس شہر میں ٹریفک کی یقینی کو بنانے کیلئے ہمہ کوشاں ہے۔شہر کی اہم اور مصروف شاہراؤں پر واقعہ سکول و کالجزہوم اکنامکس،بیکن ہاؤس گلبرگ،اپواء کالج،کنیئرڈ کالج،لاہور کالج فا ویمن،کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج،گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز سمیت دیگر سکول و کالجز کے گردونواح میں معمول کی ڈیوٹی کے علاوہ50 اضافی وارڈنز تعینات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پٹرولنگ افسران اور سیکٹر انچارجز کو خصوصی ہدایات بھی جاری کیں گئی ہیں کہ وہ صبح سکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں پٹرولنگ کو موثر بنائیں۔