تجارتی تعاون کے فروغ سے پاکستان اور سعودی عرب میں معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں: ڈپٹی قونصل جنرل
جدہ (امیر محمد خان سے) ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات میں پچھلے کچھ سالوں میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے مابین معاشی سرگرمیاں مزید بڑھ رہی ہیں۔ وہ جدہ میں فوڈیکس 2019 نمائش کے افتتاحی اجلاس کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈیکس نمائش میں 15 پاکستانی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں نمائش کا افتتاح پرنس فہد بن مقرن بن عبد العزیز آل سعود نے کیا۔ شائق بھٹو نے بتایا کہ اس تقریب میں شریک پاکستانی کمپنیاں چاول، مصالحے، چٹنی، پروسیسڈ فوڈ، پراٹھا اور تندوری آئٹمز، مشروبات، بیکری اور کنفیکشنری مصنوعات کے حوالے سے بڑی برآمدی کمپنیاں ہیں۔ پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب میں کھانے پینے کی اشیا کی بڑھتی ہوئی طلب، پاکستانی کمپنیوں کو سعودی مارکیٹ میں اپنی جگہ بڑھانے اور جارحانہ مارکیٹنگ کے ذریعے مارکیٹ شیئر بڑھانے کے لئے نادر موقع فراہم کرتی ہے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، پاکستان قونصلیٹ کے تعاون سے جدہ سنٹر برائے تقریبات جدہ میں فوڈیکس نمائش کے 7 ویں ایڈیشن میں شریک ہے۔ نمائش 11-14 نومبر 2019 تک جاری رہے گی۔ نمائش میں پاکستان کا پویلین قائم کیا گیا ہے۔ قونصلیٹ کے کمرشل سیکشن نے پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں کا سعودی کمپنیوں سے بالمشافہ ملاقات کا اہتمام کیا ہے تاکہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جاسکے۔