بھارت میں فضائی آلودگی، بتوں کو بھی ماسک پہنا دیئے گئے
نئی دہلی (این این آئی) بھارت میں فضائی آلودگی نے جہاں شہریوں کو پریشان کررکھا ہے وہیں دیوی دیوتاوں نے بھی اپنے چہروں پر ماسک پہن لیے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنارس کے مشہورشو پاروتی مندر میں رکھے دیوی اور دیوتاوں کو سفید ماسک پہنادیے گئے ہیں۔ ان میں دیوتا شیوا، دیوی درگا اور سائیں بابا شامل ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کے حلقہ انتخاب بنارس کے ایک مندر کے پنڈت ہریش مشرا نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فضا میں زہریلے مواد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس سے محفوظ رکھنے کے لیے ہم دیوی دیوتائوں کو ماسک پہنانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔