نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی ملکیت فیڈریشن کو دی جائے تو مسائل سے نکل سکتے ہیں،خالد سجاد کھوکھر
لاہور(حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر کا کہنا ہے کہ قومی کھیل کو مالی مسائل اور حکومتی گرانٹ کی الجھن سے نکالنا ہے تو نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی ملکیت ہاکی فیڈریشن کو دی جائے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو اس حوالے سے پریذینٹیشن دی جائے گی ہم انہیں تحریری طور پر ہاکی سٹیڈیم کی ملکیت حاصل کرنے کے لیے درخواست کریں گے۔ ہاکی سٹیدیم کا قبضہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مل جائے تو ہم مستقل طور مالی مسائل سے نکل سکتے ہیں۔ وہ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہاکی سٹیدیم کی ملکیت ملنے کے بعد یہاں کاروباری سرگرمیوں سے بہت اچھی آمدن ہو سکتی ہے اس طرح ہاکی فیڈریشن مالی معاملات میں خودمختار ہو جائے گی۔ کراچی کے سٹیڈیم سے ہونے والی آمدن سے ہمیں روزمرہ کے معمولات چلانے میں آسانی ہوتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ہماری اس درخواست پر ضرور غور کریں گے۔ قومی ٹیم عالمی کپ میں شرکت کے لیے ضرور جائے گی۔ ہمیں اپنی ٹیم سے اچھی توقعات ہیں گوکہ ہم عالمی درجہ بندی میں نیچے ہیں لیکن پھر بھی اچھے نتائج کی امید کی جا سکتی ہے۔ توقیر ڈار ایک محب وطن اور جوش و جذبے والے ہاکی پلیئر ہیں۔انکی ٹیم انتظامیہ میں شمولیت سے کھلاڑیوں کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔ ایشین چیمپیئن ٹرافی میں مشترکہ فاتح قرار پائے لیکن پلیئرز کی مناسب حوصلہ افزائی نہیں ہوئی۔فنڈز کے غلط استعمال یا کرپشن کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ آئندہ برس کے شروع میں ہاکی لیگ کے لیے بھی پر امید ہیں۔