والدین تعلیم و تربیت کے مراحل میں اپنی ارفع روایات مدنظر رکھیں، شاہد خاقان عباسی
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک) وطن عزیز کے دیہی و شہری علاقے ٹیلنٹ سے بھرپور ہیں جنہیں سرپرستی کی چھاؤں اور راہنمائی کے گلاب دیکر مزید نکھارا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیو صدیق سیکنڈری سکول سیٹلائٹ ٹاؤن کی تیسری آرٹس اینڈ کرافٹ نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ ان کے ہمراہ ایم این اے بیگم طاہرہ اورنگزیب بھی تھیں۔ مہمانوں کی آمد پر سی ای او ڈاکٹر حسن ظہور عباسی‘ پرنسپل گرلز سیکشن محترمہ تہمینہ اسلم اور سیکورٹی امور انچارج قاسم راجہ بنٹی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایونٹ میں عمران ادریس‘ محمد پرویز اور ناصر عباسی سمیت ممتاز سماجی‘ عوامی اور درس و تدریس سے وابستہ شخصیات شریک تھیں۔ خصوصی گفتگو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہناتھا کہ جدید دور نے طلباء و طالبات کے لئے علم و تحقیق کے کئی دروازے کھول دیئے ہیں۔ اہل دانش ، اہل علم و بصیرت بچوں کو درس و تدریس کے مراحل میں اپنی ارفع روایات کو مدنظر رکھیں، درخشاں اور مثالی روایات کے حامل درسگاہیں ہی قومی خدمت کی شراکت دار ہیں۔ سابق وزیراعظم نے نیو صدیق سکول کے بانی مرحوم و مغفور پروفیسر ظہور عباسی کی تعلیمی و تدریسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بیگم طاہرہ اورنگزیب کا کہنا تھا کہ راولپنڈی تعلیمی ترقی کے حوالہ سے کسی طرح بھی لاہور اور اسلام آباد سے کم نہیں انشاء اﷲ یہ روایت جاری رہے گی۔ اس سے قبل سی ای او ڈاکٹر حسن ظہور عباسی نے بتایا کہ ان کے مرحوم والد نے 22 برس قبل علم و خدمت کا جو سلسلہ شروع کیا انشاء اﷲ وہ جاری رہے گا۔ بعدازاں مہمانان گرامی نے نمائش کے مختلف سٹالز دیکھے۔ انہوں نے بچوں کے بنائے گئے شہ پاروں کی تعریف کی۔