سری لنکا کو بڑا دھچکا، چندی مل فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر
کولمبو(آئی این پی)سری لنکن ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف شیڈول دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے، کپتان دنیش چندیمل فٹنس مسائل کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں، تیسرے ٹیسٹ میں شرکت بھی غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔ چندیمل انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران گرائون انجری میں مبتلا ہوئے تھے۔سری لنکا کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد چندیمل کو دو ہفتوں تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، تیسرے ٹیسٹ میں ان کی شرکت فٹنس سے مشروط ہو گی، ان کی جگہ چارتھ آسالنکا کو ٹیم میں طلب کر لیا گیا ہے جبکہ سرنگا لکمل قائم مقام کپتان کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 14 نومبر سے شروع ہو گا اور مہمان انگلش ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔