نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی موبائل ایپ متعارف کرادی گئی
اسلام آباد(خبر نگار)وزیرمملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی کے حق کو یقینی بناتے ہوئے اتوار کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے،جس کے ذریعے روڈ یوزرز سنگل ٹچ پر ہائی ویز،موٹرویز،سی پیک روٹس،ٹول پلازوں،موٹروے پولیس اور دیگرمتعلقہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے یہ بات آج نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ ایک تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی،مراد سعید نے کہا کہ اقتدار میں آنے پر وزارت مواصلات کے حوالہ سے جوٹارگٹ مقرر کئے گئے تھے ،انہیں تقریباً حاصل کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراتی منصوبوں کو BOT کی بنیاد پر مکمل کرنے کی بھی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔انہو ںنے بتایا 128 کروڑ روپے کی زمین قابضین اور تجاوزات سے واگزار کرائی گئی ہے۔جبکہ 208ملین روپے سے زائد کی گاڑیاں نیلام کی گئی ہیں اور گاڑیوں کے پٹرول کے اخراجات کی مد میں 27لاکھ روپے کمی آئی ہے۔ شجرکاری مہم کو بتدریج آگے بڑھائے گی ۔ این ایچ اے کے منصوبوں کی E-Tendring اور E-Bidding پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔اس موقع پر چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی جوادرفیق ملک نے کہا ایپ کو ہم نے انتہائی کم لاگت سے تیار کیاہے۔