پولیو کے خاتمے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، وفاقی و زیر مذہبی امور
جمرود(این این آئی)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری اوراسسٹنٹ کمشنر سلیم جان مروت نے جمرود تحصیل میں 7 روزہ پولیوں مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایجنسی سرجن ڈاکٹر شفیق،تحصیلدار جمرود یاسر سلمان کنڈی،علامہ محمد عدنان قادری اور قبائلی ملکانان و دیگر قبائلی مشران بھی موجود تھے ۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادی نے کہا کہ پولیوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسکے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور اپنے بچوں کے مستقبل کو بچانا ہوگا۔ اس مہم کو کامیاب بنانے میں علمائے کرام اپنا اہم رول و کردار اداکریں اور عوام کو اس بات پر قائل کریں کہ وہ اپنے بچوں کو پولیوں کے قطرے ضرور پلائے۔اسسٹنٹ کمشنر سلیم جان مروت نے علمائے کرام کو مخاطب ہوکر کہا کہ مسجدو اور سکولوں میں پولیوں کے حوالے سے ضروری ہدایت اور اگاہی دیں کیونکہ پولیو عمر بھر معذوری کا سبب بننے والی بیماری ہے اور اس کے روک تھام کیلئے ہمیں کمیونٹی کیساتھ مل کر عوام میں آگاہی مہم چلانا چا ہیے۔ اُنہوں نے پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی فراہمی سمیت ضلعی انتظامیہ کے طرف سے ہر قسم تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب کے آخر میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیوں کے قطرے پلائے گئے۔یاد رہے کہ پورے ضلع خیبر میں یہ مہم 12 نومبر تا 16 نومبر تک جاری رہے گی۔