امریکہ: ریاست کیلیفورنیا میں لگی آگ بجھائی نہ جا سکی، ہلاکتیں 25 ہو گئیں، کئی افراد لاپتہ
کیلیفورنیا(اے پی پی)امریکہ میں حکام نے کہا ہے کہ مغربی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلوں میں لگنے والی تباہ کن آگ بجھائی نہ جاسکی آگ لگنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 ہو گئی جبکہ کئی افراد لاپتہ ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست کے شمالی پیراڈائز قصبے میں مزید 14 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس سے وہاں مرنے والوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ یہ قصبہ تقریباً پوری طرح تباہ ہو گیا ہے۔جبکہ دو افراد کی لاشیں ریاست کے جنوبی علاقے میں مالیبو کے قریب ملی ہیں۔تقریباً ڈھائی لاکھ افراد کو ریاست کے تین علاقوں میں لگی بڑی آگ کے سبب اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔جمعرات کو کیمپ کی آگ بوٹے کاؤنٹی میں پھیلنے لگی اور آگ بجھانے والا عملہ آگ کو قابو کرنے میں ناکام رہا یہاں تک کہ آگ نے پیراڈائز قصبے کو تباہ کر دیا۔جمعہ کو ایک دوسری جگہ ریاست کے جنوب میں مالیبو ساحلی ریزارٹ کے امیر علاقے میں آگ لگ گئی جو پھیل کر دگنی ہو چکی ہے۔اس آگ کو وولسی کا نام دیا گیا ہے اور اب تک وہ 70 ہزار ایکڑ پر پھیل چکی ہے۔محکمہ موسمیات کے حکام نے کہا ہے کہ یہ خطرناک صورت حال اگلے ہفتے تک قائم رہے گی لیکن آگ بجھانے والے عملوں کا کہنا ہے وہ ہوا کی تیزی میں جز وقتی طور پر آنے والی کمی کا فائدہ اٹھا کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ خیال رہے کہ ہوا کی وجہ سے شعلے بھڑک رہے ہیں۔آگ کے شعلے اور لپٹیں اس قدر تیزی سے پھیل رہی تھیں کہ بعض لوگ اپنی کاروں کو چھوڑ کر پیدل ہی جان بچانے کے لیے بھاگ پڑے۔ریاست میں جنگل اور آگ سے حفاظت کے محکمے کے ترجمان سکاٹ میکلین نے کہا کہ کوئی بھی چیز سلامت نہیں بچی ہے۔تاہم آگ پر کچھ حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔مالیبو اور کیلبساس میں کئی معروف شخصیتیں رہتی ہیں۔ چند لمحے کے لیے اداکار مارٹن شین کا کوئی پتہ نہیں تھا لیکن بعد میں انھوں نے بتایا کہ وہ ساحل پر محفوظ ہیں۔آگ بجھانے والے حکام کا کہنا ہے کہ اسے بجھانے میں تین ہفتے لگیں گے۔