تیل کی عالمی مارکیٹ میں استحکام کیلئے مل کر کام کریں گے: سعودی عرب، عراق میں اتفاق
بغداد(اے پی پی)عراق اور سعودی عرب نے تیل کی عالمی مارکیٹ میں استحکام کیلئے مل جل کر کام کرنے سے اتفاق کیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق عراق کی وزارتِ تیل کے ترجمان عاصم جہاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان یہ اتفاق رائے سعودی وزیر توانائی خالد الفالح کی عراقی وزیر تیل ثامر غضبان سے ملاقات میں اتفاق رائے ہوا ہے لیکن انہوں نے اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں وزرائے تیل نے سعودی عرب اور عراق کے درمیان بجلی کے گرڈ کنکشن کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا ہے تاکہ عراق میں بجلی کی طلب کو پورا کیا جاسکے۔سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی سے بھی ملاقات کی ہے۔واضح رہے کہ عراق 2019ء میں اپنی پیداواری صلاحیت میں 50 لاکھ بیرل یومیہ تک بڑھانا اس میں 38 لاکھ بیرل یومیہ تیل برآمد کرنا چاہتا ہے۔