نواز‘زرداری نے کرپشن نہیں کی تو ملک کو مقروض کس نے کیا؟:عبدالعلیم خان
لاہور(خبر نگار) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوام یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ اگر نواز شریف اور آصف زرداری پر لگنے والے الزامات درست نہیں ،انہوں نے کرپشن نہیں کی ،سرکاری مال نہیں کھایا اور وہ دونوں قصور وار نہیں تو اس ملک کو کس نے لوٹا ؟ہزاروں ارب ڈالر کے قرضے کہاں گئے؟اور پاکستان کی موجودہ مقروض معیشت کا ذمہ دار کون ہے؟عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج میڈیا پر بیٹھ پر خود کو فرشتے ثابت کرنے والوں کو بتانا چاہیے کہ انہوں نے تین تین بار اقتدار میں رہ کر کس قدر بھاری کمیشن کھائے اور اُن کی اقربا پروری کس عروج پر تھی ،اپنوں کو نوازنے کے انہوں نے کیا ریکارڈ قائم کیے اور قومی سسٹم کو کیوں کر کرپشن ،رشوت خوری اور سفارش کی نذر کیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سیاسی مخالفین خاطر جمع رکھیں ان کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی اور انشاء اللہ عوامی مسائل کے حل اور ملک کو صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ میں ڈالنے کا پی ٹی آئی کا مشن ضرور کامیاب ہو گا ، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کا ہررہنما مفروضوں کی بنیاد پر موجودہ حکومت کی ناکامی کا مژدہ سنا رہا ہے اور شہباز شریف کے بعد احسن اقبال بھی دور کی کوڑی لا رہے ہیں خود دس دس سال مسلسل حکومت کرنے والوں سے صبر نہیں ہو رہا اور عمران خان اور اُن کی ٹیم کو 10مہینے دینے کیلئے تیار نہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے ہمیں عوام سے کیے ہوئے سارے وعدے یاد ہیں اور انہیں پورا کرنے کیلئے حکومت شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ پر عمل پیرا ہے۔