امریکی پابندیوں کے باوجود تیل کے فروخت جاری رکھیں گے: ایرانی صدر
تہران (آئی این پی) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے ایران پرعائد کی جانے والی اقتصادی پابندیاں ہماری معیشت کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔ ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل پر نشر کیے گئے بیان میں کہا کہ ایرانی قوم کو امریکی پابندیوں کے اعلان سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ امریکی پابندیاں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔ امریکا کی طرف سے عاید کردہ اقتصادی پابندیوں کے باوجود ہم عالمی منڈی میں تیل کی فروخت جاری رکھیں گے۔ ایران کو نیچا دکھانے اور کم زور کرنے کے لیے امریکا نے کون سا حربہ استعمال نہیں کیا۔ اقتصادی پابندیوں کا سلسلہ سال ہا سال سے جاری ہے۔ ہمارے خلاف امریکا کا یہ کوئی نیا فیصلہ نہیں۔ خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے 5 نومبر کو ایران پراقتصادی پابندیوں کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں ایران کے تیل اور توانائی کے سیکٹر کو خاص طور پرنشانہ بنایا گیا اور ایران کے 700 افراد اور ادارے بلیک لسٹ کیئے گئے ہیں۔