حکومت ناموس رسالت کی حفاظت یقینی بنائے،وضاحت کرے آسیہ کہاں ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار/ آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے آسیہ کی رہائی کے فیصلے کے بعد حکومت کو فوری طور پر وضاحت کرنی چاہئے کہ آسیہ پاکستان میں موجودہے یا اسے رہا کرکے باہر بھیجا جاچکا ہے۔ ملک میں ناموس رسالت کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور اس کا علمبردار حکومت کو ہونا چاہئے۔ سراج الحق نے کہا حکومت نے قوم کو تبدیلی کے جو سہانے خواب دکھائے تھے ان کی تعبیر مہنگائی کی صورت میںسامنے آئی ہے ۔ 70 دنوں میں بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میںہوشربا اضافے کے علاوہ کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی ۔جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی ۔حکومت نے نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیاتھا مگر اداروں کے بندہونے سے لوگ بے روزگار ہورہے ہیں ۔حکومت کو اپنی کارکردگی کا خود جائزہ لینا چاہیے ۔ اب تک کی حکومتی کارکردگی عوام کو مطمئن نہیں کرسکی ۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوںنے پشاور میں ایک تقریب اور بعد ازاں صوابی میں موضع یار حسین میں پارٹی رہنما کی عیادت کے موقع پر گفتگو کرتے کیا۔ انہوں نے کہا حکومت نے پاکستان کو مدینہ کی طرز پر ایک اسلامی وفلاحی ریاست بنانے، ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگاردینے اور پچاس لاکھ گھر تعمیر کرکے بے گھر افراد کو دینے کے وعدے کیے تھے مگر اب تک مدینہ کی اسلامی وفلاحی ریاست کی طرف حکومت نے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے۔