پولیس نے لاہور سے اغوا ہونے والے بچے کو خیبر ایجنسی سے بازیاب کرالیا
لاہور(اے این این) لاہورانویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو خیبرایجنسی سے بازیاب کرکے اغوا کار کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس صدرڈویژن نے خیبرایجنسی میں کارروائی کے دوران مغوی بچہ بازیاب کرلیا۔پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران اغوا کار شاکرکو گرفتارکرلیا گیا، ملزم لاہور سے بچے کو اغوا کرکے خیبرایجنسی لے گیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق بازیاب کیے گئے بچے کو والدین کے حوالے کردیا گیا۔ گزشتہ ماہ 25 اکتوبر کو گلشن راوی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 11 سالہ بچے کو بازیاب کروا لیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اغوا کار ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ رواں سال 25 اگست کو لاہور کے جناح اسپتال سے اغوا ہونے والا بچہ پولیس نے بازیاب کرا لیا تھا، پولیس نے اغوا کار خاتون اور بچہ خریدنے والے نائیجیرین جوڑے کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔