سپلاکراچی ریجن اور تمام اضلاع کے انتخابات 27نومبر کو ہوںگے
کراچی (نیوزرپورٹر) سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن کراچی ریجن کے تمام عہدیداران سمیت کراچی کے تمام اضلاع کے انتخابات برائے سال 2019-20رواں ماہ کی 27تاریخ کو منعقد ہوں گے۔ اس بات کا اعلان چیئرمین ریجنل الیکشن کمیٹی پروفیسرشاہد اقبال نے کیا۔ پروفیسر شاہد اقبال نے مزید کہا کہ سپلا کے گذشتہ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے فیصلوں کے مطابق کراچی ریجن کے تمام عہدیداران سمیت کراچی کے تمام ضلعی عہدیداران کے انتخابات 27نومبر کو ہوں گے جس کے لیے ان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے دیگر ممبران میں پروفیسرڈاکٹر اقبال حسین لودھی اور پروفیسرمحمدعلی شامل ہیں۔ پروفسیر شاہد اقبال نے انتخابی شیڈول کے اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ کاغذاتِ نامزدگی 12نومبر سے 16نومبرتک وصول کرکے 19نومبر تک جمع کروائے جاسکیں گے۔ الیکشن کمیٹی کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد 20تاریخ کو امیدواروں کی غیر حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی ، کاغذاتِ نامزدگی کے مسترد ہونے کے خلاف اپیل 21نومبر کو کی جاسکے گی، 22نومبر کو دن 12بجے تک امیدواران انتخاب سے دستبردار ہو سکیں گے جس کے بعد اسی روز سپہر 3بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی ، جبکہ ووٹنگ کا عمل 27نومبر 2018کی صبح 9بجے سے سپہر 3بجے تک مختلف کالجز میںجارے رہے گا۔ اسی طرح نتائج کا اعلان 28نومبر کو کر دیا جائے گا۔ الیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کے لیے لازمی اہلیت یہ ہے کہ وہ کراچی کے کسی بھی کالج سے تعلق رکھتا ہو اور سپلا کا باقاعدہ ممبر ہو۔